ٹروبا ۔13 اگست ( ایجنسیز) پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسے یہ میچ ونڈے سیریز کے تیسرے اورآخری میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے شائی ہوپ کی کپتانی میں سیریز 2-1سے جیت لی۔ سیریز میں کیریبین ٹیم کی جیت کا براہ راست مطلب 34 سال پرانا ریکارڈ توڑنا تھا۔ دوسری جانب محمد رضوان کی کپتانی میں پاکستان کو ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز میں ایسے دن دیکھنے پڑے، جو اس نے اس صدی میں نہیں دیکھے تھے، 1991 کے بعد تو چھوڑ دیں۔ تیسرے ونڈے میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 294 رنز بنائے۔ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈیز کو اتنے بڑے اسکور تک پہنچانے میں کپتان شائی ہوپ نے بڑا کردار ادا کیا۔ انہوں نے بیٹ سے اپنی ٹیم کی بھی قیادت کی ۔ شائی ہوپ نے سنچری اسکور کی، جو ان کی ونڈے کرکٹ میں 18ویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری تھی۔ شائی ہوپ نے صرف 94 گیندوں پر120رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ کپتان ہوپ کی دھماکہ خیز بیٹنگ کے باعث پہلے 42 اوورز میں 6 وکٹوں پر 185 رنز بنانے والی ویسٹ انڈیزکی ٹیم نے آخری 8 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 109 رنز جوڑے۔ پاکستان کو سیریزکا فیصلہ کن مقابلہ جیتنے کے لیے 295 رنزکا ہدف ملا۔ یہ ہدف آج کے کرکٹ کے دور میں ناممکن نہیں ہے لیکن پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کا تعاقب کرنے میں اتنی دقت پیش آئی کہ پوری ٹیم مل کر100 رنز بھی نہ بنا سکی۔ تیسرے ونڈے میں پاکستان کی ٹیم 92 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جس کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز نے یہ میچ 202 رنز سے جیت لیا جو رنزکے لحاظ سے پاکستان پر اس کی سب سے بڑی فتح ہے۔ اس معاملے میں اس نے 2015 میں کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ونڈے میں 150 رنز سے فتح کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ جیڈن سیلزنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ونڈے کرکٹ میں یہ چوتھا موقع ہے جب ویسٹ انڈیز نے 200 سے زیادہ رنز کی کامیابی درج کی ہے۔ کپتان شائی ہوپ نے بیٹنگ سے پاکستان کو پریشان کیا تو جیڈن سیلز نے گیند سے تباہی مچا دی جنہوں نے اکیلے ہی آدھی پاکستانی ٹیم کوپویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے 7.2 اوورز میں 18 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف تیسرا ونڈے نہ صرف جیتا بلکہ سیریز بھی جیت لی۔ اس طرح پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز نہ ہارنے کا 34 سال پرانا ریکارڈ محمد رضوان کی کپتانی میں ٹوٹ گیا۔ ویسٹ انڈیز نے1991 کے بعد پاکستان کے خلاف اپنی پہلی ونڈے سیریز جیتی ہے۔ یہ اس صدی میں یعنی2000 کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیزکی پہلی سیریز جیت ہے۔