برسبین: ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ان ہی کی سرزمین پر 27 سال بعد ٹسٹ کرکٹ میچ میں شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کرلی۔ برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں دوسرے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز نے آج چوتھے روز کینگروز کو 8 رنز سے ہرایا۔ ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 289 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیر کی تھی۔ آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں یہ میچ جیتنے کیلئے 216 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا لیکن ویسٹ انڈین بولرز نے میزبانوں کو 207 پرسمیٹ کر آؤٹ کلاس کردیا۔ پہلی اننگز میں 6 رنز بنانے والے اوپنر اسٹیون اسمتھ 91 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے 1997ء کے بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے فاسٹ بولر شمر جوزف نے زخمی انگوٹھے کے ساتھ دوسری اننگز میں 68 رنز دے کر 7 وکٹ لئے۔ 24 سالہ شمر جوزف کو نہ صرف میچ ایوارڈ بلکہ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی ملا۔ دو میچز کی ٹسٹ سیریز 1-1 سے ڈرا ہوگئی۔ اب تین ونڈے میچز کی سیریز 2 فروری کو ملبرن میں شروع ہوگی۔