نئی دہلی ۔11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں 47 رنوں سے کامیابی درج کرکے افغانستان کے خلاف ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے اور اس طرح وہ 5 سال بعد ونڈے سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں بھی جیت درج کی تھی۔ اس مقابلے کے دوران ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ہزاروں کیڑوں کے حملے کا بھی سامنا کرنا پڑا ، جن سے بچنے کیلئے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ماسک پہن کر میدان پر اترے۔ ویسٹ انڈیز نے پانچ سال بعد کوئی ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ اس سے پہلے اس نے سال 2014 میں ون ڈے سیریز پر قبضہ کیا تھا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 50 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 247 رن بنائے۔ اوپنر ایون لوئس نے 75 گیندوں پر 54 رن بنائے جبکہ نکولس پورن نے 50 گیندوں میں 67 رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ شائی ہوپ نے 43 اور شمران ہیٹ مائر نے 34 رن بنائے۔ افغانستان کیلئے فاسٹ بولر نوین الحق نے سب سے زیادہ تین وکٹ اپنے نام کئے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے افغانستان کو 45.4 اوورس میں 200 رنوں پر روک دیا۔ افغانستان کیلئے نجیب اللہ زادران نے 66 گیندوں میں سب سے زیادہ 56 رن بنائے ، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ نجیب اللہ کے علاوہ رحمت شاہ نے 33 ، محمد نبی نے 32 اور حضرت اللہ ززائی نے 23 رن بنائے ، لیکن کوئی بھی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ افغانستان کی شروعات کافی خراب ہوئی تھی اور اس کے تین وکٹ 15 اوورس میں 61 رن پر ہی گر گئے تھے۔ اس کی آدھی ٹیم 27 اوورس میں 109 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ تاہم نجیب اللہ نے محمد نبی کے ساتھ 68 رنوں کی شراکت داری کی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے شیلڈن کاٹریل اور روسٹن چیس نے فی کس تین وکٹ حاصل کئے جبکہ ہیڈن والش نے دوکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ افغانستان کی اننگز کے دوران میدان پر فلڈ لائٹ کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں کیڑے اڑنے لگے ، جن سے بچنے کیلئے ویسٹ انڈیز کے سینئرکھلاڑیوں جیسن ہولڈر،کیرن پولارڈ ، شیلڈن کا ٹریل اور نکولس پورن کو ماسک پہنے دیکھا گیا۔ یہاں تک کہ پولارڈ نے میچ کے بعد کہا کہ میں نے کبھی اتنے زیادہ کیڑوں کی موجودگی میں کوئی میچ نہیں کھیلا ، صحت انتہائی ضروری ہے ، اس لئے اس بارے میں ضرورکچھ کیا جانا چاہئے۔