ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان 318 رنز سے کامیاب

   

نارتھ ساونڈ ( اینٹیگا )26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹسٹ میں 318 رنز سے شکست دی ۔ ہندوستانی ٹیم نے اس مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کیا اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مہمان ٹیم نے کامیابی چار دنوں کے اندر ہی حاصل کرلی ۔ بمراہ نے 8 اوور میں 7 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ پہلے اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے فاسٹ بولر ایشانت شرما نے 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جوکہ ریکارڈ 419 رنز کے نشانہ کا تعاقب کر رہی تھی وہ 100 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی حالانکہ ایک موقع پر اس کی 9 وکٹیں 50 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی تھیں ۔ قبل ازیں ہندوستان کے نائب کپتان اجنکیاراہانے نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جوکہ دو سال بعد انہوں نے اپنی پہلی سنچری بنائی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے نوجوان بیٹسمین ہنوما وہاری کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 125 رن کی قیمتی پارٹنر شپ نبھائی لیکن اس دوران وہاری اپنی سنچری سے محروم رہے کیونکہ انہوں نے 93 رنز بنائے ۔ کپتان کوہلی نے 343/7 پر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔