ویسٹ انڈیز ۔ انگلینڈ ٹسٹ انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دی، روسٹن چیز کو 8 وکٹس

   

برج ٹاؤن۔ 27جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آف اسپنر روسٹن چیز (60 رن پر 8 وکٹ) کے کریرکے بہترین کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن ہفتہ کو 381 رن کے بڑے فرق سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے سامنے 628 رن کا ناممکن ہدف رکھا تھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم 80.4 اوور میں 246 رن پر سمٹ گئی۔ چیز نے جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21.4 اوور میں 60 رن پر آٹھ وکٹ لے کر انگلینڈ کو نمٹا دیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 50 وکٹ بھی پورے کر لئے ۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز ناٹ آؤٹ 202 رن بنانے والے کپتان جیسن ہولڈر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔چیز نے لنچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوروٹ (22)، بین اسٹوکس (34)، جوس بٹلر (26)، معین علی (0) اور بین فوکس (5) کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کے مڈل آرڈر کو تباہ کر دیا۔ انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 56 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ روری برنس (39) اور کیٹن جوننگس (11) نے انگلینڈ کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ جوننگس 14 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔روری برنس 133 گیندوں میں 15 چوکوں کی مدد سے 84 رن بنا کر لنچ سے عین قبل آؤٹ ہوئے ۔ لنچ کے وقت انگلینڈ کا اسکور دو وکٹ پر 134 رن تھا۔ لنچ کے بعد جانی بیرسٹو 30 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ چیز نے اس کے بعد بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی جدو جہد ختم کر دی۔انگلینڈ کی اننگز چائے کے وقفہ کے بعد سمٹ گئی اور اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔مختصر اسکور:ویسٹ انڈیز 289 اور 415-6 اننگز اعلان ،انگلینڈ 77 اور 246۔