ویسٹ زون میںلاک ڈاون پر آج سے سختی سے عمل کا فیصلہ

   

حیدرآباد /16 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں کورونا کیسیس میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر پولیس نے ویسٹ زون میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی آئی ٹی وزیر کے ٹی آر کے ملے پلی ، شانتی نگر و دیگر علاقوں کے دورہ کے بعد پولیس نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس نے کہا کہ آصف نگر ، ہمایوں نگر و حبیب نگر علاقوں میں لاک ڈاؤن پر جمعہ سے سوفیصد عمل کیا جائیگا ۔ ان علاقوں میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر پولیس نے یہ فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر بلاوجہ گھومنے والوں کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ عوام خود کا اور دوسروں کا بھی خیال رکھیں کیونکہ کورونا وائرس لاپرواہی سے ہی پھیل رہا ہے ۔ بلاوجہ اور کسی نہ کسی بہانے سے سڑک پر گھومتے ہوئے دکھائی دینے پر قرنطینہ سنٹر بھی بھیجا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ وباء ختم ہونے تک عوام اپنے مکانات میں رہیں ۔