ویسٹ زون کے 50 روڈی شیٹرس کو راحت، روڈی شیٹس بند

   

۔10 سال کے دوران شفاف کردار برقرار رکھنے پر پولیس کا اقدام، ڈپٹی کمشنر سرینواس کا بیان
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے ویسٹ زون علاقہ میں واقع 13 پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ 50 روڈی شیٹرس کو پولیس نے راحت دی ہے۔ 10 سال کے عرصہ میں شفاف کردار کو برقرار رکھنے والے 50 روڈی شیٹرس کی روڈی شیٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ سٹی پولیس کے اس فیصلے سے روڈی شیٹرس کو راحت ملی ہے ساتھ ہی دیگر روڈی شیٹرس کو ایک امید کرن دکھائی ہے۔ سٹی پولیس کا یہ فیصلہ مجرمانہ سرگرمیوں سے دور اور برسوں سے روڈی شیٹرس کا ٹھپہ اپنے ماتھے پر لئے گھومنے اور پچھتاوے کا شکار افراد کیلئے حوصلہ مند ثابت ہوگا۔ چونکہ شہر کو دیگر زونس میں ساؤتھ زون سے بھی زیادہ حساس زون ویسٹ زون مانا جاتا ہے اور اس زون میں 50 افراد کی روڈی شیٹ کو بند کرنے کا فیصلہ یقینا خوش آئند اقدام تصور کیا جارہا ہے جس سے دیگر روڈی عناصر کو بھی اپنی سرگرمیوں سے باز رہنے اور بہتر انداز میں زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔ اس خصوص میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے بتایا کہ ویسٹ زون پولیس کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے اس فیصلہ پر غور کیا جارہا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں روڈی شیٹرس کی 10 سالہ زندگی کا مشاہدہ کیا گیا۔ ان کی طرز زندگی سماج میں ان کا طرز عمل، ساتھیوں اور کاروباری لائن میں ان کا رویہ ان سب کی جانچ کی گئی اور اسپیشل برانچ کی جانب سے بھی تحقیقات کرلیے گئی تھیں۔ جس کے بعد مطمئن ہوکر کمشنر پولیس سے مسئلہ کو رجوع کیا گیا ۔ جس پر کمشنر سٹی پولیس نے یہ اقدام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روڈی شیٹرس کو جن کی روڈی شیٹس کو بند کردیا گیا ہے انہیں اس بات کیلئے بھی پابند کردیا گیا کہ وہ آئندہ کسی بھی قسم کے کوئی معمولی مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث نہ ہوں ورنہ ان کی شیٹ کو دووبارہ کھول دیا جائے گا۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے بتایا کہ ان 50 روڈی شیٹرس میں کمیونٹ روڈی شیٹرس کے علاوہ دیگر ہر زمرہ کے روڈی شیٹرس پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجہ گٹہ ڈیویژن سے 20 ، آصف نگر ڈیویژن کے 13 ، گوشہ محل ڈیویژن کے 8 اور بنجارہ ہلز ڈیویژن کے 9 روڈی شیٹرس کی شیٹس کو بندکردیا گیا ہے۔ آصف نگر ڈیویژن میں آصف نگر پولیس اسٹیشن کے 6 ، ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن کے 3 ، گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے 2 ، ٹپہ چبوترہ پولیس کے 2، منگل ہاٹ کے 2، شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کے (1) ، کلثوم پورہ سے 2، حبیب نگر سے 3 ، بنجارہ ہلز سے 7 ، ایس آر نگر سے 5، پنجہ گٹہ سے 5 اور جوبلی ہلز سے (1) روڈی شیٹ کو بند کردیا گیا۔