ویلنٹائن ڈے، بے حیائی کی رسم

   


برائیوں کی روک تھام کیلئے شعور بیداری ناگزیر، مولانا عبدالعلیم فاروقی کا بیان
بچکنڈہ۔ مولانا عبدالعلیم فاروقی ناظم مدرسہ جامعہ خیر النساء للبنات بچکنڈہ نے صحافتی بیان میں کہا کہ 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے منانے کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ 14 فروری کو یوم عاشقان منانا اسلام میں جائز نہیں ہے۔ یوم عاشقان بے حیائی کی رسم ہے چنانچہ یوم عاشقان کا بائیکاٹ کیا جائے۔ مذہب اسلام میں غیر اسلامی بے حیائی کی رسومات سے اجتناب کرنے کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ غیروں کی رسومات اختیار کرتے ہوئے نوجوان طبقہ بے حیائی میں ملوث ہورہا ہے۔ ان غیر اسلامی رسومات سے مسلم نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو باز رکھنے کیلئے شعور بیداری ناگزیر ہے تاکہ سماج میں پھیلی ہوئی اس برائی پر روک لگایا جاسکے ۔ والدین اور سرپرستوں پر یہ ذمہ داری ہے کہ 14 فروری کو یوم عاشقان کے نام پر بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ غیر اسلامی رسومات سے باز رہنے کے لئے ان کی ذہن سازی کریں۔ مولانا نے مزید کہا کہ اسلام میں پردہ کا حکم ہے اجنبی لڑکیوں سے بات چیت کرنے سے گریز کریں۔ 14 فروری ویلنٹائن ڈے انگریزوں اور یہودیوں کی سازش ہے ۔ اسلام میں خوشیوں کے صرف دو دن ہیں عیدالفطر اور عیدالاضحی۔