ویلپور منڈل میں پھر مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ

   

گزشتہ دو سالوں سے اکثریتی فرقہ کی جانب سے ہراسانی جاری ، قبرستان و عیدگاہ کی اراضی پر غیرمجاز قبضہ کی کوشش

نظام آباد :14؍ ڈسمبر ( محمد جاوید علی)ضلع نظام آباد کے آرمور ڈیویژن کے ویلپور منڈل کے قبرستان ، عیدگاہ کی اراضی کو لیکر اکثریتی فرقہ کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔گذشتہ دو سالوں سے مسلمانوں کو وقفہ وقفہ سے نشانہ بناتے ہوئے سماجی بائیکاٹ کا سلسلہ جاری ہے ۔ دو دن قبل عیدگاہ کی اراضی پلے گرائونڈ کیلئے مختص کرنے کی خواہش کرتے ہوئے ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی مسلمانوں کو ہدایت دی تھی جس پر ویلپور مسلم انجمن کمیٹی نے ولیج کمیٹی کے فیصلہ کو مسترد کردیا تھا اور نظام آباد پہنچ کر کانگریس ، مجلس ، مجلس بچائو تحریک کو اس بارے میں واقف کرانے پر محمد علی شبیر ، امجد اللہ خان خالد اور مجلسی قائدین نے پولیس کمشنر سے فون پر نمائندگی کی تھی اور دیہات میں 144 سیکشن نافذکیا گیا ۔اس کے باوجود بھی ولیج کمیٹی کی جانب سے دیہات میں ایک ریالی نکالی گئی تھی ۔پولیس نے اسے ناکام بنادیا ۔لیکن مسئلہ زیر التواء ہے ۔ویلپور کی عیدگاہ ، قبرستان کی جملہ اراضی 4 ایکر12 گنٹہ ہے، اس کا سروے نمبر کے مطابق مسلمانوں کے پاس تمام دستاویزات موجود ہے اور یہ اراضی درج وقف ہے لیکن اس کے باوجود بھی زبردستی مسلمانوں کے ساتھ ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے اور مسلمانوں کا آج سے سماجی بائیکاٹ کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ کاروبار نہ کرنے اور ان کے دکانات میں کوئی چیز نہ خریدنے کی چکن دکانات سے گوشت نہ خریدنے اور ان کے آٹو میں سوار نہ ہونے کی اکثریتی طبقہ نے ان کے تمام ذمہ داروں کو ہدایتیں جاری کی ہے، اس کے بعد آٹو یونین کے ذمہ داروں نے مسلم آٹو مالکین کو اڈہ سے ان کی گاڑیوں کو ہٹادینے کی ہدایت دی ہے اور مسلمانوں کے ساتھ سماجی بائیکاٹ کا سلسلہ آج صبح سے جاری ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کو مشکلات بھی پیش آرہی ہے ۔ دوسری طرف وقف بورڈ کے عہدیداروں نے بھی آج نظام آباد پہنچ کر اے سی پی آرمور سے ملاقات کی ہے اور تفصیلات سے واقف کروایا ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں سے ربط پیدا کرنے پر بتایا کہ ویلپور کی عیدگاہ قبرستان کی اراضی درج وقف ہے اور اراضی کی حد بندی کرتے ہوئے بائونڈری وال تعمیر کی جائے گ ی اس کیلئے سابقہ حکومت میں 8 لاکھ روپئے بھی منظور کئے گئے تھے ۔