ویلیج سکریٹریٹ کے تقرراتی امتحان میں دھاندلیاں

   

دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا مطالبہ ، قائد اپوزیشن اے پی چندرابابو کا شدید ردعمل

حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ولیج سکریٹریٹ ملازمین تقررات کے سلسلہ میں منعقدہ ٹسٹ سے متعلق پرچہ سوالات کے افشاء واقعہ کی مکمل طور پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کروانے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور امتحان منعقد کرنے کے طریقہ کار میں نتائج میں متعدد بے قاعدگیوں کے واقعات کے پیش نظر ٹسٹ کو فی الفور منسوخ کرکے دوبارہ ٹسٹ منعقد کروانے پر زور دیا۔ چندرا بابو نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ آندھرا پردیش ریاستی پبلک سرویس کمیشن میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے افراد خاندان کو ہی امتحان میں اعلیٰ درجے حاصل ہوئے ہیں اور محنت و جستجو کے ساتھ امتحانی تیاری کرکے ٹسٹ میں شریک امیدواروں کو کافی کم نشانات حاصل ہونے کی وجہ سے رینکس حاصل نہیں ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ ہیلپ لائن کو فون کرنے کے باوجود کوئی ردعمل حاصل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے امیدواروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ سرویس کمیشن کی تاریخ میں اتنی بدنامی سابق میں کبھی نہیں ہوئی۔ قائد اپوزیشن نے دریافت کیا کہ آیا پرچہ سوالات آؤٹ سورسنگ اسٹاف کو قبل از وقت کس طرح حاصل ہوئے اور امتحان کے وقت سے قبل ہی پرچہ سوالات کا افشاء ہونے کی وجہ سے نااہل امیدواروں کو اعلیٰ رینکس حاصل ہوئے اور اہل امیدواروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً19 لاکھ امیدواروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا۔ لہذا ان امتحانات کو کالعدم قراردینے کا مطالبہ کیا اور پرچہ سوالات کے افشاء میں ملوث افراد کے خلاف کریمنل کیسیس درج کرکے سخت کارروائی کرنے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور دوبارہ انتہائی شفاف انداز میں امتحانات منعقد کرکے اہل امیدواروں کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔