حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے راجنا سرسلہ ضلع میں ویملواڑہ میں ایک خانگی اسکول کے پرنسپل نے دو طلباء کو اسکول میں غیر حاضر رہنے پر ان کی پٹائی کردی جس کے نتیجہ میں ایک طالب علم کا ہاتھ ٹوٹ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویملواڑہ کے ایک اسکول میں دسویں جماعت کے خصوصی کلاسیس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اتوار کو بھی خصوصی کلاسیس منعقد کی گئیں۔ اتوار ہونے کی وجہ سے دو طالب علم ایان اور سائی غیر حاضر رہے۔ ایان کے والد گلف میں ملازم ہے اور ان کی والدہ جو گھر پر ہی تھی جن کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ایان گزشتہ چند دنوں سے ماں کی دیکھ بھال کی وجہ سے اسکول میں غیر حاضر تھا۔ ایان پیر کو اسکول آیا اور کچھ مضامین میں نوٹس مکمل نہیں تھے۔ پرنسپل نے سائی اور ایان کو اسکول میں غیر حاضر رہنے پر پٹائی کی جس میں سائی کا ہاتھ ٹوٹ گیا اور ایان کے ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی۔ اس واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی گئی لیکن سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ معاملہ سامنے آیا جس میں پرنسپل اور اسکول کے اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اولیائے طلبہ نے پرنسپل کے خلاف اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت کرتے ہوئے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ (ش)
