ویملواڑہ میں درگاہ کی منتقلی پر وقف بورڈ اور ضلع کلکٹر کو اقلیتی کمیشن کی نوٹس

   

ایم بی ٹی کی نمائندگی ، اندرون 7 یوم جواب طلب کیا گیا
حیدرآباد۔ 8 مارچ (پریس نوٹ) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے ویملواڑہ میں درگاہ کی منتقلی کے مسئلہ پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ، ضلع کلکٹر سرسلہ اور کمشنر انڈونمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون 7 یوم تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ویملواڑہ میں سری راجا راجیشوری مندر کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں درگاہ حضرت سید تاج الدین خواجہ باگ سوار ؒ کو منتقل کرنے کی کوشش کی گئی اور درگاہ کا انہدام عمل میں آیا۔ مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خاں کی نمائندگی پر سکریٹری اقلیتی کمیشن نے نوٹس جاری کی۔ امجد اللہ خالد نے درگاہ کی منتقلی اور انہدامی کارروائی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ درگاہ وقف نوٹی فائیڈ ادارہ ہے اور اس سلسلہ میں گزٹ نوٹیفکیشن موجود ہے۔ مندر کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں درگاہ کو منہدم کرنے سے مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ضلع کلکٹر کو واضح کیا گیا تھا کہ درگاہ وقف نوٹیفائیڈ جائیداد ہے اور منتقل نہیں کی جاسکتی۔ سکریٹری اقلیتی کمیشن نے اس واقعہ کے سلسلہ میں اندرون 7 یوم رپورٹ طلب کی ہے۔