ویملواڑہ میں نیا تعمیر شدہ برج گر گیا کنٹراکٹر نے درمیان میں کام چھوڑدیا

   

حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (ایجنسیز) ضلع سرسلہ کے ویملواڑہ ریجن میں سیلابی بارش کے باعث جمعہ کو ایک نیا تعمیر کیا گیا روڈ برج گر گیا۔ یہ برج جو مولا واگو پر تعمیر کیا گیا تھا، اس کے 16 بیمس میں شگاف آنے کے بعد گر گیا۔ یہ شگاف مبینہ طور پر کاموں کی عدم تکمیل کے باعث آئے تھے۔ سائی کنسٹرکشنس کو مولا واگو پر دو برجس تعمیر کرنے کیلئے 28 کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ دیا گیا تھا۔ پہلے برج کے آغاز سے قبل ہی دوسرے برج پر کام شروع کئے گئے۔ تاہم جو کام کیا گیا تھا چونکہ اس کے بلز مبینہ طور پر منظور نہیں کئے گئے اس لئے کنٹراکٹر نے درمیان اس کام کو چھوڑ دیا تھا۔ سنٹرنگ کے کام 190 میٹر کی جملہ لمبائی کے منجملہ 150 میٹر تک مکمل کئے گئے۔ تاہم شدید اور متواتر بارش کی وجہ اس میں شگاف آ گئے جمعہ کو یہ پلرس سیلاب کے اثر سے پہلے جھک گئے اور بعد میں اچانک گر گئے۔ اس دوران ریاستی حکومت نے اس برج کے گرنے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے آر اینڈ بی چیف انجینئر بی چندولال کو اس کی انکوائری کرنے اور 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ داخل کرنے کیلئے مقرر کیا ہے تاکہ حکومت اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کرسکے۔