ویمنز پریمیئر لیگ کا فائنل وڈودرا میں ہونے کا امکان

   

نئی دہلی ۔ ویمنز پریمیئر لیگ کے دوکامیاب سیزن کے بعد اب تیسرے ایڈیشن کی باری ہے۔ ڈبلیو پی ایل 2025 کے لیے نیلامی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اب ٹورنمنٹ شروع ہونے میں صرف چند دن باقی ہیں ۔ نیلامی کے بعد بی سی سی آئی نے میزبان مقامات کو بھی شارٹ لسٹ کیا ہے۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یہ ٹورنمنٹ 6 یا 7 فروری کو شروع ہو سکتا ہے۔ اس بار یہ میچ وڈودرا اور لکھنؤ میں کھیلے جا سکتے ہیں۔ تاہم بی سی سی آئی نے ابھی تک تاریخ اور مقام کے حوالے سے کوئی باضابطہ معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی نے ڈبلیو پی ایل کے تیسرے سیزن کے لیے وڈودرا اور لکھنؤ کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ اس نے ٹورنمنٹ کے انعقاد کے لیے یوپی کرکٹ اسوسی ایشن اور وڈودرا کرکٹ اسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے۔ جلد ہی ان دونوں شہروں کو بھی قومی بورڈ کی جانب سے مقامات کے طور پر باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ڈبلیو پی ایل کا دوسرا مرحلہ وڈودرا میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ ٹورنمنٹ کا فائنل میچ 8 یا 9 مارچ کو کھیلا جا سکتا ہے اور وڈودرا اس کی میزبانی کر سکتا ہے۔ وڈودرا نے حال ہی میں کوٹامبی اسٹیڈیم میں بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کی ۔ اس کے بعد ہندوستان اور ویسٹ انڈیزکی خواتین ٹیم نے اس گراؤنڈ پر 3 ونڈے میچ کھیلے۔ اس کے علاوہ اس گراؤنڈ پر سینئر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے کئی میچز بھی کھیلے جا چکے ہیں اور رانجی ٹرافی کے کچھ میچ بھی ہو چکے ہیں۔