ویمنس ایشیا کپ : انڈیا نے یو اے ای کو 78 رنز سے ہرایا

   

ڈمبولا: کپتان ہرمن پریت کور (66) اور ریچا گھوش (64*) کی ناٹ آؤٹ اننگز اور پھر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے خواتین کے پانچویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو اتوار کو ایشیا کپ میں 78رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری جیت درج کی۔ یو اے ای ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 123/7 اسکور کرسکی اور 78 رنز سے میچ ہار گئی۔ یو اے ای کیلئے کاویشا اگوڈیگے نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں اور 32 گیندوں پر 40رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان ایشا اوجھا نے 36 گیندوں میں 38 رنز بنائے ۔ تاہم، پانچ بیاٹرز ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکے ۔ ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رینوکا سنگھ، تنوجا کنور، پوجا وستراکر اور رادھا یادو نے ایک ایک بیاٹر کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل آج ہندوستانی ٹیم نے یو اے ای کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔ یو اے ای کی کپتان ایشا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ بلے بازی کیلئے آنے والی شفالی ورما اور سمرتی مندھانا کی جوڑی نے تیز شروعات کی۔ کاویشا نے سمرتی کو 13رنز پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ پانچویں اوور میں شفالی 18 گیندوں پر 37 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد کیپٹن ہرمن نے چارج سنبھال لیا۔ ڈیلان ہیملتا (2) اور جمائمہ روڈریگس (14) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہرمن اور ریچا گھوش نے 75 رنز کی شاندار شراکت داری کی اور ٹیم کے اسکور کو 200 کے قریب پہنچا دیا۔ ہرمن 20ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئی۔ انہوں نے 47 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66رنز بنائے ۔ ہرمن کے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی یہ 12ویں نصف سنچری ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹوئنٹی 20 میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ رنز (3,415) بنانے والی بیاٹر بن گئی ہیں۔ ریچا نے 29 گیندوں پر 64 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یہ ریچا کے انٹرنیشنل کیریئر میں پہلی نصف سنچری ہے ۔ ریچا کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 201/5 کا بڑا اسکور بنایا۔
٭ گزشتہ روز ویمنس ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان نے مایوس کن آغاز کیا اور افتتاحی مقابلے میں ہندوستان نے کٹر حریف کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈمبولا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن پہلے بیٹنگ کرتی ہوئیں 20ویں اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہوئیں۔ انڈین ویمنس نے 14.1 اوورس میں 112/3 کے ساتھ جیت درج کرائی۔ دیپتی شرما (3/20) کو میچ ایوارڈ حاصل ہوا۔