سڈنی ۔22 مارچ (یو این آئی ) جاپان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست دے کر ویمنس ایشین فٹ بال کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں واحد گول نے میچ کا فیصلہ کر دیا۔ سڈنی میں کھیلے گئے اس تاریخی فائنل میں ریکارڈ 74 ہزار سے زائد شائقین نے شرکت کی۔ جاپان کی جانب سے فیصلہ کن گول مائیکا ہمانو نے 17ویں منٹ میں شاندار لانگ رینج شاٹ کے ذریعے کیا جو سیدھا جال میں جا لگا۔ یہ جاپان کا تیسرا ایشین کپ ٹائٹل ہے ۔ اس سے قبل وہ 2014 اور 2018 میں بھی چیمپئن رہ چکا ہے ۔ پورے ٹورنامنٹ میں جاپانی ٹیم ناقابل شکست رہی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ میچز میں 29 گول اسکور کیے جبکہ صرف ایک گول اس کے خلاف بنایا گیا، جس سے اس کی برتری واضح ہوئی۔ آسٹریلیا نے میچ کے آغاز میں بہتر کھیل پیش کیا اور کئی مواقع حاصل کیے تاہم اہم مواقع ضائع کرنے کی وجہ سے ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا۔ٹورنمنٹ کے آسٹریلیا میں انعقاد کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم کو ہوم گراونڈ کا فائدہ ملا اور شائقین کی جانب سے بھی ٹیم کی زبردست حوصلہ افزائی کی گئی لیکن آخری لمحات میں ٹیم کو کامیابی نہیں مل سکی اور مقامی شائقین میں مایوسی دیکھی گئی۔ یہ ٹورنامنٹ آئندہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلہ بھی تھا جس کے تحت جاپان، آسٹریلیا اور دیگر بڑی ایشیائی ٹیمیں عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔