نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے آج ان کی حکومت کو او بی سی اور خواتین مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کیلئے ریزرویشن بل پاس کروا تو دیا ہے لیکن ابھی اسے وہ نافذ نہیں کررہے ہیں۔ راہول نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں خصوصی اجلاس کے انعقاد کی تعریف کی لیکن کہا کہ خواتین ریزرویشن بل لاکر اسے نافذ کرنے کیلئے جو شرائط رکھی گئی ہیں وہ چونکانے والی ہیں اور یہ واضح ہو گیا ہیکہ خواتین کو ریزرویشن دینے کا اس حکومت کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ خواتین کے ریزرویشن کے حوالے سے سب کی توجہ ہٹانے کا کام ہوا ہے ۔ یہ بل اب نافذ ہونے والا نہیں ہے اور 10 سال تک اس کے نفاذ کا کوئی امکان نہیں ہے۔
