ویمنس کرکٹ : ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو ہرایا

   

کیو ہل، 23 جون (یو این آئی) کپتان ہیلی میتھیوز (ایک وکٹ،63 ناٹ آؤٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی 20 میچ میں چار گیندیں باقی رہتے ہوئے چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے ۔ اتوار کی شب کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ویمنس ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کے بلے باز ویسٹ انڈیز کے بولنگ اٹیک کے خلاف کھل کر نہیں کھیل سکے۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 113/6 بنائے۔ جوابی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی اوپننگ جوڑی کیانا جوزف اور ہیلی میتھیوز نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 41 رنز جوڑے ۔ آٹھویں اوور میں آیا بونگا کھاکا نے کیانا جوزف (17) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز ڈگمگا گئی اور یکے بعد دیگر مزید تین وکٹیں گریں۔ تاہم ہیلی میتھیوز ایک اینڈ پکڑے ہوئے رنز بناتی رہی۔ اس نے پانچویں وکٹ کیلئے جینیلیا گلاسگو کے ساتھ 39رنز کی غیرمختتم شراکت داری کی اور 19.2 اوورز میں 116/4 بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔