ویمنس ہاکی میں انڈیا اے کی فرانس اے کو شکست

   

گورکھپور (اترپردیش)۔ 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ویمنس ہاکی ٹورنمنٹ میں انڈیا اے ٹیم نے فرانس اے ٹیم کو 3-2 گولز سے شکست دے دی۔ ویر بہادر سنگھ اسپورٹس کالج گراؤنڈ میں آج پہلی مرتبہ ایک بین الاقوامی میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں ماریانا کجور نے 19 ویں منٹ میں لال ریم سیانی نے 30 ویں اور ممتاز خان نے 34 ویں منٹ میں 3 گولز بنائے جبکہ مہمان ٹیم کی میکائلہ لہہ لہہ نے 14 ویں منٹ میں گول بنایا تھا لیکن فرانس کی جانب سے دوسرا گول گوسجے وان بولہیوس نے 58 ویں منٹ میں بنایا۔ اپنے پہلے میچ میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نئے حوصلے کے ساتھ میدان میں اتری تھی اور مہمان ٹیم نے صرف 14 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے ممتاز خان نے پرسکون انداز میں گول بناکر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ انڈیا اے کا تیسرا میچ منگل کو فرانس اے کے ساتھ پدم شری محمد شاہد سنتھیٹکس اسٹیڈیم، لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔