امریکہ ایک نئی جنگ چھیڑنا چاہتا ہے لیکن ہم جنگ ہونے نہیں دیں گے: مادورو
واشنگٹن ۔ 25 اکتوبر (ایجنسیز) امریکی انتظامیہ نے ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردارہ جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ وینزویلا کے قریب تعینات کرنے کیلئے تیار رکھاہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق پنٹگان میں امریکی فوجی ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی بحریہ کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز اور 5 تباہ کن جہازوں پر مشتمل امریکی حملہ آور بیڑا تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔ پنٹگان ترجمان شان پانیل نے بتایا کہ قومی دفاع و سلامتی کی خاطر امریکی جنوبی کمانڈ نے خطہ میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ، نگرانی اور غیرقانونی حرکات و سکنات روکنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی 6 ہزار امریکی سیلرز اور میرین خطہ میں موجود ہیں جبکہ امریکی طیارہ بردار جہاز اور 5 تباہ کن جہازوں کی تعیناتی سے اس میں 4500 اہلکاروں کا مزید اضافہ ہوجائیگا۔ بتاتے چلیں امریکی طیارہ بردارہ جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ اس وقت بْحیرہ روم میں تعینات ہے اور یہ ابھی واضح نہیں کہ وہ کب تک لاطینی امریکہ پہنچے گا۔ دوسری طرف وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا کہنا ہے کہ امریکہ ایک نئی جنگ چھیڑنا چاہتا ہے لیکن ہم جنگ ہونے نہیں دیں گے۔ نکولس مادورو نے امریکہ کی جانب سے طیارہ بردار بحری جہاز کیریبین بھیجنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ہونے نہیں دیں گے۔ یاد رہے کہ کولمبین صدر گستاوو پیٹرو نے بھی امریکی پابندیوں پر ردعمل میں کہا کہ ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا اور کبھی بھی گھٹنے نہیں ٹیکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی غیرقانونی سرگرمیوں کے الزام پر امریکہ نے کولمبین صدر پر پابندیاں عائد کی ہیں۔