وینزویلا کی فوج میں بغاوت کیلئے امریکہ سرگرم

   

واشنگٹن/10 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا وینزویلا کی فوجی شخصیات کے ساتھ براہِ راست رابطے کر رہا ہے، تا کہ انہیں صدر نکولاس مادورو کی حمایت سے دست بردار ہونے پر زور دیا جا سکے، جب کہ مادورو پر نئی پابندیوں کی تیاری بھی جاری ہے، تا کہ وینزویلا کے صدر پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ مذکورہ عہدے دار نے معروف برطانوی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ وینزویلا کی فوج کے اندر مزید انحراف اور پھوٹ کے ساتھ مادورو کی حمایت سے دست برداری کی توقع رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اپوزیشن رہنما خوآن گوائیڈو کی جانب سے خود کو عبوری صدر قرار دینے کے اعلان کے بعد سے محدود تعداد میں فوجی افسران نے مادورو سے انحراف کیا ہے، جب کہ امریکا سمیت درجنوں دیگر ممالک نے گوائیڈو کو صدر تسلیم کر لیا ہے۔ امریکی عہدے دار نے اپنا نام ظاہر کرنے اور جاری بات چیت کی تفصیلات کا انکشاف کرنے سے انکار کر دیا۔