واشنگٹن 7نومبر (یو این آئی) ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کے صدر مادورو کے قتل کیلئے نیوی سیلز کے آپشن پر غور شروع کردیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ نے وینزویلا میں 3بڑے عسکری آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے جس میں فضائی حملوں، اسپیشل فورسز کے آپریشن اور آئل فیلڈز پر قبضے کی تجاویز ہیں۔ ٹرمپ مادورو حکومت گرانے کیلئے سیلز ٹیم 6 کا امکان دیکھ رہے ہیں۔ امریکی حکومت وینزویلا کے صدر مادورو کو منشیات فروش گروہ کا سربراہ قرار دیتی ہے اور ٹرمپ نے گزشتہ ماہ سی آئی اے کو وینزویلا میں خفیہ کارروائیوں کی منظوری دی تھی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا پہلا منصوبہ ہے کہ فوجی تنصیبات پر سلسلہ وار حملے کیے جائیں جس کا مقصد وینزویلا کے مادورو کیلئے فوجی حمایت کمزور بنانے کا ہدف ہے ۔ دوسرا منصوبہ ہے کہ ڈیلٹا فورس اور نیوی سیلز مادوروں کو اغوا یا قتل کر دیں۔ ایئرپورٹس، آئل فیلڈز اور اہم تنصیبات پر کنٹرول کیلئے اسپیشل فورسز آپریشن پر بھی غور کر رہی ہیں۔ امریکہ نے وینزویلا کے صدر مادورو کی گرفتاری کیلئے 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان کر رکھا ہے ۔ نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے وینزویلا میں مبینہ ڈرگ نیٹ ورکس کے اہداف کی فہرست تیار کر لی ہے ۔ دوسری جانب وینزویلا نے روس، چین اور ایران کی حمایت حاصل کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ روس وینزویلا کی خودمختاری کے دفاع کیلئے مکمل حمایت کا اعلان کر چکا ہے ۔