لندن۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) دنیائے ٹینس کے سب سے معروف ایونٹ ومبلڈن کے پہلے ہی روز غیر معروف کھلاڑی کوری گاف نے خطاب کی پسندیدہ اور سابق عالمی نمبر ایک وینس ولیمزکو شکست دے کردھوم مچادی ہے۔39 سالہ وینس ولیمز ومبلڈن خطابات5 مرتبہ جیتنے کے ساتھ اس مرتبہ بھی نمایاں کھلاڑیوں میں آگے تھیں۔ وینس ولیمز نے ومبلڈن کے 5 خطابات میں سے کم از کم 2 خطابات کوری گاف کی پیدائش سے قبل ہی جیت لیے تھے۔ 15سالہ کوری گاف نے وینس ولیمز کو راست سٹوں میں 6-4 اور 6-4 سے شکست دی۔ واضح رہے کہ وینس ولیمز کی شکست شائقین ٹینس میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کے ویمنز سنگل میں جاپان کی ناؤمی اوساکا کا سفر پہلے راؤنڈ میں ہی تمام ہو گیا جب نمبر دو سیڈ قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے 7-6 اور 6-2 سے شکست دی ۔ سلواکیہ کی میگڈلینا ریبریکووا نے نمبر دس سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا،آسٹریلیا کی آئیلا ٹاملیانووچ نے نمبر انتیس سیڈ روس کی ڈاریا کساٹکینا اور امریکہ کی میڈیسن برینجل نے نمبر سولہ سیڈ مارکیٹا ونڈوروسووا کی گھر واپسی کردی۔نمبر تین سیڈ چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا،نمبر سات سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ،نمبر 8 سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا،نمبر اکتیس سیڈ یونان کی ماریہ سکاری،نمبر چوبیس سیڈ کروشیا کی پیٹرا مارٹک،نمبر بیس سیڈ ایسٹونیا کی انیٹ کونٹاویٹ، نمبر سترہ سیڈ امریکا کی میڈیسن کیز،نمبر بارہ سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا اور نمبر ستائیس سیڈ امریکا کی صوفیہ کینن دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔مرد زمرے کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے جرمنی کے فلپ کولشرائبر کو چھ،تین،سات،پانچ اور چھ،تین سے مات دے کر اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا جبکہ نمبر گیارہ سیڈ روس کے ڈینیئل میڈیڈیو،نمبر پندرہ سیڈ کینیڈا کے مائیلوس رونیک،نمبر دس سیڈ روس کے کیرن خاشانوف،نمبر تیئیس سیڈ اسپین کے رابرٹو بوٹسٹا اگٹ،نمبر چار سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن اور نمبر بائیس سیڈ سوئٹزرلینڈ کے اسٹینسلاس واورینکا بھی دوسرے مرحلے میں جا پہنچے لیکن سیڈڈ پلیئرز اسٹیفانوس اسٹسیپاس، الیگزینڈر زویریو اور ڈوسان لائیووچ شکست سے دوچار ہو گئے۔