حیدرآباد 14 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے محکمہ تعلیم کی پرنسپل سکریٹری وینکٹی کرونا کو تلنگانہ یونیورسٹی کی انچارچ وائس چانسلر مقرر کیا ہے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر رویندر گپتا کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ہے ۔ تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کے وائس چانسلر گپتا کو محکمہ انسداد رشوت ستانی نے 17 جون کو پچاس ہزار روپئے کی رشوت ڈی شنکر نامی شخص سے قبول کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان کی ضمانت نامپلی میں اے سی بی عدالت نے 12 جولائی کو منظور کی تھی ۔ گپتا کی گرفتاری کے بعد اے سی بی نے تلنگانہ یونیورسٹی میں تفصیلی چھاپے بھی مارے تھے اور تلاشی بھی لی تھی ۔ ایسے کئی افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی تھی جن کے تعلق سے شبہ تھا کہ انہوں نے وائس چانسلر کو بھاری رقومات بطور رشوت ادا کی ہیں ۔ اسکے علاوہ یونیورسٹی کے مالیاتی امور کی بھی جانچ پڑتال کی گئی تھی ۔ ماضی میں یونیورسٹی میں کام کرچکے رجسٹرارس سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی تھی اور انہوں نے کئی اہم انکشافات بھی کئے تھے ۔ ان تحقیقات کی بنیاد پر تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کردی گئی ہے ۔