جنگی خطوط پر کارروائی، پانی کے اخراج پر قابو پالیا گیا
گمبھی راؤ پیٹ۔/23 اکٹوبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ مستقر میں واقع وینکٹ رادری تالاب میں شگاف پڑنے کی وجہ سے تالاب میں موجود پانی تیزی کے ساتھ بہنا شروع ہوگیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ ہفتہ سے وقفہ وقفہ سے علاقہ میں ہورہی بارش کی وجہ سے یہاں وینکٹ رادری تالاب لبریز ہوچکا تھا اچانک اس کے پشتہ کے ایک حصہ سے شگاف کے ذریعہ پانی کااخراج شروع ہوگیا جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑھنے لگا۔ عوام ، عوامی منتخب نمائندے اور بالخصوص کاشتکاروں نے عجلت میں اس کی اطلاع محکمہ آبپاشی کو دی جس کی وجہ سے فوراً محکمہ آبپاشی کے عملے نے یہاں پہنچ کر جنگی خطوط پر کارروائی انجام دیتے ہوئے پشتہ کے نچلے حصہ سے پانی کے زائد مقدار میں اخراج پر قابو پانے کیلئے جے سی بی کے ذریعہ مورم اندازی کی ۔ کافی جدوجہد کے بعد پانی کا اخراج بند ہوگیا۔ پانی کے اس طرح اخراج پر تالاب کے بازو دھان کے کھیتوں کو نقصان ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔