وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی کی راہول گاندھی سے ملاقات

,

   

Ferty9 Clinic

پی سی سی صدر کی سرگرمیاںدہلی منتقل، سینئر قائدین کی طلبی، اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے تقرر کی سرگرمیاں نئی دہلی منتقل ہوچکی ہے۔ عہدہ کے اہم دعویدار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ایم پی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی کوشش کی لیکن ممکن نہیں ہوسکا جب کہ انہوں نے راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ ایک اور دعویدار اے ریونت ریڈی ایم پی کی سابق صدر راہول گاندھی سے ملاقات ہوئی ۔ صدارت کے عہدہ پر انتخاب کے سلسلہ میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے اہم قائدین کو نئی دہلی طلب کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق صدارت کے نام کے اعلان کے بعد پارٹی میں ناراض سرگرمیوں اور اختلافات کو روکنے کیلئے اہم قائدین کو دہلی طلب کیا گیا ۔کومٹ ریڈی اور راہول گاندھی کے درمیان بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں کانگریس پارٹی کے موجودہ موقف اور پارٹی کے استحکام کیلئے درکار حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سونیا گاندھی سے کہا کہ اگر انہیں پارٹی کی صدارت دی جاتی ہے تو وہ 2023 ء میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کیلئے مساعی کریں گے۔ دوسری طرف محکمہ دفاع کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ریونت ریڈی نئی دہلی پہنچے۔ اس کمیٹی میں کانگریس کی جانب سے راہول گاندھی اور راجیو ستاوا بھی بحیثیت رکن شامل ہیں۔ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ریونت ریڈی نے راہول گاندھی سے بات چیت کی۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کو دہلی طلب کیا ہے ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے چار دن تک حیدرآباد میں 200 سے زائد کانگریس قائدین کی رائے حاصل کی تھی ۔ پارٹی میں صدارت کیلئے کئی دعویدار ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق رائے نہیں پایا گیا ۔ ایسے میں پارٹی کو متحد رکھنے کے لئے ہائی کمان نے سینئر قائدین کو دہلی طلب کیا تاکہ کسی ایک نام پر تمام کی تائید حاصل کی جاسکے۔ مانکیم ٹیگور کے طریقہ کار پر سینئر قائدین نے اعتراض کرتے ہوئے ہائی کمان کو مکتوب روانہ کیا تھا ۔ ریونت ریڈی کے حق میں ضلع کانگریس صدور کی اکثریت اور بیشتر قائدین کی تائید کے بعد دوسرے دعویدار حرکت میں آگئے۔ صدارت کے دیگر دعویداروں میں بھٹی وکرمارکا ، سریدھر بابو ، جگا ریڈی ، اے ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، چنا ریڈی ، ششی دھر ریڈی اور سمپت کمار شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام دعویداروں کو ہائی کمان کی جانب سے مستقبل میں بہتر مواقع فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی کے حق میں قائدین کی اکثریت نے اپنی رائے دی اور ہائی کمان سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد ہی اپنے فیصلہ کا اعلان کرے گا۔ پارٹی کے کئی اہم قائدین نئی دہلی کا رخ کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ نئے صدر کے اعلان کیلئے ہائی کمان کو وقت لگے گا۔ کمزور طبقات کی جانب سے بی سی یا ایس سی طبقہ کو صدارت کے حق میں مہم چلائی جارہی ہے۔