وینکٹ ریڈی نے گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی

   

799 درخواستیں وصول، اندراماں ہاؤزنگ اور راشن کارڈ کیلئے زائد نمائندگی

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کی اور تحریری نمائندگیوں کو وصول کیا۔ وینکٹ ریڈی نے گورنمنٹ وہپ بی ایلیا کے ہمراہ صبح 11 تا دوپہر 2 بجے عوامی مسائل کی سماعت کی اور بعض درخواست گذاروں کے مسائل کے سلسلہ میں عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ کئی ہفتوں بعد عوام سے ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے نتیجہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جملہ 799 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں مالی امداد کی34 ، خانگی ملازمت کیلئے 29 ، ڈی ایس سی امیدواروں کی پوسٹنگ کیلئے 3 ، ریوینیو 105 ، عمارت و شوارع 26 ، چٹ فنڈس کی دھوکہ دہی پر 253 ، معذورین کے مسائل 19، اندراماں ہاؤزنگ 173 ، راشن کارڈ 119 ، گیس سبسیڈی 6 اور پولیس سے متعلق 13 نمائندگیاں شامل ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی درخواستیں متعلقہ محکمہ جات کو عاجلانہ یکسوئی کیلئے روانہ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے وزراء گاندھی بھون پہنچ کر مسائل کی سماعت کررہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے عوامی مسائل کی سماعت کے پروگرام کے آغاز پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی۔1