وینکٹ ریڈی کا دورۂ نلگنڈہ ، ٹریفک صورتحال کا معائنہ

   

نلگنڈہ۔ 17 فبروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ) ریاستی وزیر برائے عمارات و شوارع و سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج علی الصبح نلگنڈہ مستقرکے مصروف ترین تجارتی علاقہ پرکاشم بازار میں ٹریفک جام کی سنگین صورتحال پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کا آغاز کیا۔ عوامی شکایات کے پیش نظر وزیر موصوف نے سڑک کے درمیانی حصے میں نصب ڈیوائیڈرز کو ہٹانے اور تقریباً 60 تا 70 چھوٹے دکانداروں کو متبادل مقام پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔وزیر موصوف نے صبح چار بجے درگاہ حضرت لطیف اللہ شاہ صاحب کی گھاٹ روڈ اور پرکاشم بازار کا اچانک معائنہ کیا۔نلگنڈہ کو ’’سوپر اسمارٹ سٹی‘‘ کے طور پر ترقی دینے کے منصوبے کے تحت ریاستی وزیر کومٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ فٹ پاتھوں اور درمیانی حصوں پر کاروبار کرنے والے پھولوں، پھلوں اور دیگر چھوٹے تاجروں کو قدیم کلکٹریٹ کے احاطے میں منتقل کیا جائیگا جہاں مناسب جگہ اور پارکنگ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ دکانداروں کو ان کے کاروبار کے حجم کے مطابق 50 تا 100 مربع گز تک پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔ریاستی وزیر نے قدیم کلکٹریٹ میں قائم ڈی سی ایم پارکنگ کو فوری طور پر دیورکنڈہ روڈ پر واقع ہاؤسنگ بورڈ کی اراضی پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی۔انفراسٹرکچر کی بہتری کے سلسلے میں وزیر نے اعلان کیا کہ پرکاشم بازار میں جلد ہی زیرِ زمین برقی کیبلنگ اور نئی سی سی سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ حادثات میں کمی اور آمد و رفت میں سہولت پیدا ہو۔اسی دوران وزیر نے ایک مقامی دکاندار سے 30 ہزار روپئے مالیت کے پھل خرید کر عوام میں تقسیم کیے جسے حاضرین نے سراہا۔اس موقع پر ضلع ایس پی شرت چندر پوار انچارج ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز اشو ک ریڈی ڈی ایس پی شیو رام ریڈی میونسپل کمشنر اور ٹرانسکو کے عہدیداران اور سابق میونسپل چیئرمین بوری سرینواس ریڈی مقامی نو منتخبہ کارپوریٹر محمد رفیع الدین حاجی و دیگر موجود تھے۔