راج شیکھر ریڈی کے تعزیتی جلسہ میں شرکت پرقائدین کا اعتراض
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی یاد میں ان کی بیوہ وجے لکشمی کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام میں کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی شرکت پر تنازعہ پیدا ہوچکا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت کے باوجود وینکٹ ریڈی نے جلسہ میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانگریس قائدین نے کومٹ ریڈی کی شرکت پر سخت اعتراض کیا اور بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان کو اس سلسلہ میں رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ پارٹی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے وینکٹ ریڈی کی شرکت پر اعتراض جتایا اور کہا کہ کسی بھی قائد کو یہ اختیار نہیں کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی ہدایات کے خلاف کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بجائے ایسے قائدین پارٹی چھوڑنے کیلئے آزاد ہیں۔ مخالف کانگریس پارٹی پلیٹ فارم سے خطاب کرنا افسوسناک ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے پارٹی کو نقصان ہوگا۔ واضح رہے کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ دوسری طرف کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے شرکت کو حق بجانب قراردیا اور کہا کہ یہ غیر سیاسی جلسہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ سے دو گھنٹے قبل پردیش کانگریس کی جانب سے ہدایت کی اجرائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈکٹیٹر شپ کا مظاہرہ ہے۔R