نئی دہلی : نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو پیر کے روز تین ممالک گیبون، سینیگال اور قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ۔ نائب صدر کے سکریٹریٹ نے بتایا کہ نائیڈو کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی گیا ہے جس میں مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اورخاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار اورراجیہ سبھا کے ارکان پارلیمنٹ سشیل کمار مودی اور شری وجے پال سنگھ تومر اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ پی رابندرناتھ شامل ہیں ۔ نائب صدر 7 جون تک دورے پر رہیں گے ۔ اس دورے کے دوران ان ممالک کے ساتھ کئی دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے ۔ نائیڈو کا یہ دورہ کسی بھی نائب صدرکا تینوں ممالک کا پہلا دورہ ہوگا ۔ یہ دورہ ہندوستان سے گیبون اور سینیگال کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے ۔ ان کے دورے سے افریقہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات مضبوط ہونے اور افریقی براعظم کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط کرنے کی امید ہے ۔ نائیڈو اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں گیبون پہنچیں گے اوروہاں کے وزیر اعظم روز کرسچن اوسوکا ریپونڈا کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کریں گے اور صدر علی بونگو سے ملاقات کریں گے ۔ وہ گیبون میں تاجر برادری سے بھی بات چیت کریں گے اور بیرون ممالک مقیم ہندوستانیوں سے خطاب کریں گے۔ نائب صدر کے دورے کا دوسرا مرحلہ سینیگال میں ہوگا اور صدر میکی سال کے ساتھ وفود سطح پر بات چیت کریں گے ۔ وہ صدر قومی اسمبلی کے چیرمین مصطفی نیاس اور دیگر معززین سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ ہندوستان اور سینیگال اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔ دورے کے آخری مرحلے میں نائب صدر قطر کا دورہ کریں گے اور قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد الثانی کے ساتھ وفود سطح پر بات چیت کریں گے اور دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیں گے ۔
اس دورے کے دوران وہ کئی دیگر قطری معززین سے بھی ملاقات کریں گے اور قطر میں ایک بزنس گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔