وینکیا نائیڈو کوموروس اور سیئرالیون کے سفر پر روانہ

   

نئی دہلی10اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)نائب صدر ایم وینکئیا نائیڈو کوموروس اور سیئرا لیون کے پانچ روزہ دورے پر جمعرات کو روانہ ہوگئے ۔نائب صدر جمہوریہ کے ساتھ ایک اعلی سطحی وفد میں ڈیری اور مویشی پروری کے مرکزی وزیر مملکت سنجیو بالیان ،راجیہ سبھا رکن رام ویچار نیتام اور حکومت کے اعلی افسران بھی گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر نائیڈو 10سے 12 اکتوبر تک کوموروس اور 12سے 14اکتوبر تک سیئرا لیون کے دورے پر رہیں گے ۔نائب صدر آج کوموروس کے دارالحکومت مورونی پہنچیں گے ۔جمعرات کی دیر شام وہ غیر مقیم ہندوستانیوں کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے جبکہ کل صدر ازالی اسومانی کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ میں حصہ لیں گے جس میں کئی معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق نائب صدر 12اکتوبر کو سیئرا لیون کے فری ٹاؤن پہنچیں گے جہاں صدر جولیس ماداوونی بایو کے ساتھ ان کی دوطرفہ میٹنگ ہوگی۔وہ سیئرا لیون کی پارلیمنٹ کے صدر عباس چیرنور بندو اور وزیر خارجہ نبیلہ فریدہ تونیا سے بھی ملاقات کریں گے ۔وہ 13اکتوبر کو ہندوستانی برادری کے لوگوں کے ایک استقبالیہ پروگرام میں بھی شامل ہوں گے ۔