مالیاتی لین دین پر توجہ ، کرناٹک سے بینک اور ریونیو عہدیداروں کی آمد
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی کے قتل کی تحقیقات میں سی بی آئی نے شدت پیدا کردی ہے۔ گزشتہ 66 دنوں سے سی بی آئی کی ٹیم کڑپہ اور دیگر علاقوں میں مشتبہ افراد کی جانچ کر رہی ہے ۔ سی بی آئی نے قتل کے پس پردہ مالیاتی امور کی جانچ شروع کردی ہے۔ سی بی آئی کی تحویل میں موجود سنیل یادو کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے مطابق سی بی آئی نے تحقیقات کو تیز کردیا ہے ۔ کرناٹک سے 20 گاڑیوں میں مختلف بینکوں سے رکھنے والے عہدیدار اور ریونیو عہدیدار کڑپہ پہنچے جہاں سرکاری گیسٹ ہاؤز میں سی بی آئی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ ویویکانند ریڈی کے بینک اکاؤنٹ سے متعلق تفصیلات اور ریونیو ریکارڈ سی بی آئی کے حوالے کیا گیا ۔ سی بی آئی عہدیداروں کے ساتھ یہ ٹیمیں مختلف علاقوں کو روانہ ہوئی ہیں۔ اسی دوران ویویکانند ریڈی کی دختر اور داماد نے پھرایک مرتبہ سی بی آئی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ سی بی آئی نے آج صبح پولی ویندلہ میں اہم ملزم سنیل یادو کے گھر پہنچ کر افراد خاندان سے بات چیت کی۔ سنیل یادو کو گوا سے گرفتار کر کے کڑپہ منتقل کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے بعد ویویکانند ریڈی کے قتل کے سلسلہ میں کئی اہم افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ سی بی آئی بہت جلد نتیجہ پر پہنچ جائے گی۔
