حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے بھائی وائی ایس ویویکانند ریڈی کے قتل کے معاملہ میں سی بی آئی نے تحقیقات میں شدت پیدا کردی ہے۔ گزشتہ 50 دنوں سے سی بی آئی کی خصوصی ٹیم پولی ویندلا اور دیگر علاقوں میں تحقیقات میں مصروف ہیں۔ 6 رکنی عہدیداروںکی ٹیم نے آج پھرایک مرتبہ ویویکا نند ریڈی کے مکان کا معائنہ کیا۔ جملا مڈگو کے مجسٹریٹ کے روبرو ویویکا نند ریڈی کے واچ مین رنگنا کی جانب سے دیئے گئے بیان کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واچ مین نے قتل کے لئے سپاری دینے کا انکشاف کیا تھا۔ سی بی آئی اس معاملہ میں بعض اہم قائدین پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اسی دوران سی بی آئی نے کیس کی تحقیقات میں ایک اور ایس پی رتبہ کے عہدیدار کو شامل کیا ہے ۔ اس معاملہ کی تحقیقات ایک خاتون عہدیدار کی نگرانی میں کی جارہی تھی جن کا حال ہی میں دہلی تبادلہ کیا گیا جس کے بعد ایک اور عہدیدار کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
