برمنگھم: ہندوستان کیلئے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں آج ویٹ لفٹنگ سیکشن سے میڈل کے حصول کا سلسلہ جاری رہا جیسا کہ جیریمی لالرننگا نے ویٹ لفٹنگ مقابلے کے 67کلوگرام کیٹگری میں اتوار کو نئے گیمزریکارڈکے ساتھ گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ جاریہ گیمز میں ہندوستان کا دوسرا طلائی تمغہ ہے ۔ ورلڈ چمپئن باکسر اور تلنگانہ کی اسٹار نکہت زرین نے آج باکسنگ میں ہندوستان کی طرف سے شروعات کرتے ہوئے 50kg کوارٹر فائنلز میں داخلہ حاصل کرلیا۔ نکہت نے موزمبیق کی ہیلینا اسماعیل بگاؤ پر شروع سے ہی غلبہ قائم رکھا اور 2-0 سے یکطرفہ جیت درج کرائی۔ تاہم، مینس سیکشن میں شیوا تھاپا 63.5kg کیٹگری کے راؤنڈ آف 16 اور اس کے ساتھ گیمز سے بھی خارج ہوگئے۔ انھیں ورلڈ چمپئن شپ برونز میڈلسٹ ریز لنچ (اسکاٹ لینڈ) کے مقابل 1-4 سے شکست ہوئی۔ ویٹ لفٹر لالرننگا نے کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ مقابلے کے 67کلوگرام کیٹگری میں اتوار کو نئے گیمزریکارڈکے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔ ہندوستان کاان کھیلوں میں یہ دوسرا گولڈ اور مجموعی طور پر پانچواں تمغہ ہے ۔ لالرننگا نے اسنیچ میں اپنی دوسری کوشش میں 140 کیلوگرام وزن اٹھایا۔ انہوں نے کلین اینڈ جرک میں اپنی دوسری کوشش میں 160 کیلوگرام وزن اُٹھا کر جملہ 300 کیلوگرام کا نیا گیمز ریکارڈ قائم کیا۔ لالرننگا نے اسنیچ میں بھی نیا گیمزریکارڈ بنایا۔ انہوں نے پہلی کوشش میں 136 کیلوگرام وزن اٹھایا۔ ان کی دوسری کامیاب کوشش 140 کیلوگرام رہی۔ انہوں نے تیسری کوشش میں 143 کیلو وزن اٹھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے ۔ انہیں 10 کیلوکی برتری حاصل ہوچکی تھی۔ کلین اینڈ جرک میں ان کی پہلی کوشش 154اور دوسری 160 کیلوگرام تھی۔ جرمی کی 165 کیلوگرام کی تیسری کوشش ناکام رہی۔ لیکن تب تک وہ گولڈ میڈل کے حق دار بن چکے تھے۔ میرا بائی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے گزشتہ روز ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو گیمزکا پہلا گولڈ دلایاتھا۔
ویٹ لفٹر بندیارانی نے سلور میڈل جیتا
ہندوستان کی بندیارانی دیوی نے 55 کیلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ 23سالہ بندیانے 202 کیلو وزن اٹھا کر اپنے زمرے میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ ان کے فوراً بعد میرابائی نے 49 کیلوگرام میں پہلا مقام حاصل کرکے طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے سب سے پہلے اسنیچ میں 86 کیلوگرام میں انفرادی بہترین کارکردگی کے ساتھ نیشنل ریکارڈ کی برابری کی ، اور پھر کلین اینڈ جرک میں 116 کیلوگرام اٹھا کر نیا نیشنل اور کامن ویلتھ ریکارڈ قائم کیا۔ بندیارانی صرف ایک کیلو گرام کے فرق سے طلائی تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہ گئیں، جو نائیجیریائی ویٹ لفٹر ادیجات ادنیکے اولارینوئے کے حصے میں آیا۔ میزبان انگلینڈ کے فریئر مورو نے 198 کیلوگرام (89 + 109) کے ساتھ برونز میڈل جیتا۔بندیانے جیت کے بعد کہا کہ یہ میرا پہلا کامن ویلتھ گیمز ہے اور میں سلور میڈل اور گیمز کے ریکارڈ کے حصول پر بہت خوش ہوں۔
چانو کی طرح، بندیارانی بھی منی پور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے 2019 کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2021 کے ایڈیشن میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل میرابائی چانو (گولڈ)، سنکیت سرگر (سلور) اور گروراجا پجاری (کانسی) ہندوستان کے لیے تمغے جیت چکے ہیں۔ ہندوستان کے چار تمغے ویٹ لفٹنگ میں آئے ہیں۔