ویٹ لفٹر سیما پر 4 سال کی پابندی

   

نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے لئے کامن ویلتھ چمپین شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی ویٹ لفٹر سیما پر ڈوپنگ قواعد کی خلاف ورزی پر چار سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈوپنگ میں ناکام ہونے کے بعد اب سیما کو چار سال کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔ یہ اعلان حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔ نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا) نے کہا ہے کہ سیما کے ڈوپ نمونے رواں برس وشاکھاپٹنم میں منعقدہ 34 ویں ویمن نیشنل ویٹ لفٹنگ چمپین شپ میں حاصل کئے گئے تھے۔ ان نمونوں کے تجزیہ کے نتائج کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ ان کے نمونوں میں ممنوعہ ادویات کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس سے مظاہروں میں بہتری پیدا کی جاسکتی ہے۔ نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ یہ دھوکہ دہی اور قواعد کی خلاف ورزی ہے۔