ویڈیو گیم کے نام پر جوا کا ریاکٹ بے نقاب

   

چار افراد گرفتار، سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) ویڈیو گیم کی آڑ میں جوا چلانے والے ایک ریاکٹ کو سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا۔ کل رات انسپکٹر سنٹرل زون ٹاسک فورس محمد عبدالجاوید کی ٹیم نے مشیرآباد کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں آرگنائزر بھی شامل ہے۔ ایک مکان میں جو یکمنار مسجد کے قریب واقع ہے۔ پولیس نے دھاوا کیا جہاں ویڈیو گیم کی آڑ میں جوا چلایا جارہا تھا۔ ویڈیو گیم میں رقمی شرطیں جاری تھیں۔ ٹاس آف برین اور کرکٹ ویڈیو گیم کے نام پر فی کس 100 روپئے حاصل کرتے ہوئے گیم آف چانس کے نام پر ایک طرح کا جوا چل رہا تھا۔ کل رات ایک خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے آرگنائزر 24 سالہ محمد غوث ساکن ایکمینار مسجد مشیرآباد کے علاوہ 26 سالہ سجاد، 28 سالہ شاداب، 38 سالہ عبدالنعیم، 24 سالہ سمیر، 20 سالہ فیض، 32 سالہ سید محمد، 21 سالہ سرفراز، 28 سالہ اعظم، 22 سالہ عبدالقادر، 20 سالہ نعمان مہدی، 25 سالہ مشرف، 24 سالہ جہانگیر اور 32 سالہ شعیب کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 49,810 روپئے نقد رقم ایک ٹی وی گیمنگ باکس، 15 سیل فون کو ضبط کرلیا۔ گرفتار افراد کو مزید کارروائی کیلئے مشیرآباد پولیس کے حوالہ کردیا۔