نئی دہلی: ملک میں شدید کورونا بحران کے درمیان آکسیجن ، ویکسین اور ادویات کی کمی کے سلسلے میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ اس وبا کے خلاف لڑائی غائب ہوکر نہیں بلکہ پوری تیاری کے ساتھ آکر جیتی جا سکتی ہے۔ راہول گاندھی نے کورونا ویکسین ، آکسیجن اور دوائی وغیرہ کی کمی کے تعلق سے مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین ، آکسیجن اور ادویات کے ساتھ وزیراعظم بھی غائب ہیں۔ منظر عام پر ہیں تو صرف سنٹرل وسٹا ، ادویات پر جی ایس ٹی اور یہاں، وہاں وزیر اعظم کی تصاویر۔پرینکا گاندھی نے یوپی میں کورونا ٹسٹ کم ہونے پر یوگی حکومت کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ میں یوپی حکومت کا حلف نامہ ریاست میں کورونا سے لڑنے کی اصل کہانی بیان کرتا ہے ۔ ٹسٹ کم ہورہے ہیں۔ ایمبولینس کا انتظام صحیح نہیں ہے ۔ آکسیجن اور دوائی سے متعلق کوئی جانکاری نہیں ہے ۔ حکومت کو یہ احساس کب ہوگا کہ کورونا سے لڑائی جھوٹ سے نہیں ، زیادہ ٹسٹنگ سے لڑی جاسکتی ہے۔