رکن راجیہ سبھا پرینکا چترویدی کا وزیر صحت کو مکتوب
نئی دہلی : رکن راجیہ سبھا پرینکا چترویدی نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اُن سے درخواست کی ہے کہ ویکسین زمرہ میں حاملہ خواتین کو شامل کیا جائے۔ اپنے مکتوب میں اُنھوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران دیگر افراد کے مقابل حاملہ خواتین کو بیمار ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین کے لئے آئی سی یو بیڈس اور دیگر اہم طبی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حاملہ خواتین میں کوویڈ سے متاثر ہونے پر موت کا خطرہ دیگر کے مقابل 70 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اُن میں خون کے انجماد کا بھی خطرہ زیادہ رہتا ہے۔ 19 مئی کو مرکزی حکومت نے دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے ویکسین کی اجازت دی ہے تاہم حاملہ خواتین کو اِس زمرہ میں شامل کرنے کے فیصلہ کو زیرالتواء رکھا ہے۔ اُنھوں نے اُن کی اِس تجویز پر فوری غور کرنے کی درخواست کی ہے۔