ویکسین سربراہی میں سرکاری دواخانوں کو ترجیح ضروری

   

وزیر اعظم نریندر مودی کو جگن موہن ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ کوویڈ ویکسین کی سربراہی میں سرکاری دواخانوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کی ضروریات کی تکمیل کے بعد خانگی دواخانوں کو ویکسین سربراہ کی جائے۔ جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں خانگی دواخانوں کو ویکسین کی سربراہی کے فیصلہ کی مخالفت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ویکسین کی درکار مقدار کو یقینی بنانے کے بعد ہی حکومت کو خانگی دواخانوں پر توجہ مبذول کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے فیصلہ سے خانگی دواخانوں کو من مانی چارجس وصول کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی سربراہی کے سلسلہ میں حکومتوں سے مشاورت کی جائے کیونکہ تمام ریاستوں میں ویکسین کی قلت کا سامنا ہے۔ جگن موہن ریڈی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت کے تعاون پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے 18 سے 44 سال عمر کے تمام افراد کو مفت ویکسین کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ویکسین کی قلت کے نتیجہ میں 45 سال سے زائد عمرکے افراد کو ٹیکہ اندازی کی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے خانگی ہاسپٹلس کو راست طور پر ویکسین کی خریدی کی اجازت دینا عوام میں غلط پیام دے گا لہذا حکومت کو پہلے مرحلہ میں سرکاری دواخانوں کی ضروریات کی تکمیل کرنی چاہیئے۔