ویکسین لینے کے باوجود عمران خان کورونا پازیٹیو

   

عاجلانہ صحت یابی کیلئے وزیراعظم مودی کا نیک تمناؤں کا اظہار
اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان عمران بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ صحت کے اُمور میں پاکستانی وزیراعظم کے خصوصی معاون فیصل سلطان نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ 68 سالہ عمران خاں حالیہ دنوں میں سیاسی طور پر انتہائی مصروف رہے ہیں جہاں انہوں نے کئی اجلاس میں شرکت کی جہاں لوگوں کی کثیر تعداد موجود رہا کرتی تھی جبکہ اکثر و بیشتر انہوں نے کانفرنسوں سے ماسک پہنے بغیر خطاب کیا۔ جمعرات کو عمران خاں کو کورونا کا ٹیکہ بھی دیا گیا تھا۔ پاکستان کے وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہاسپٹلس میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور اگر کورونا رہنمایانہ خطوط پر عمل نہیں کیا گیا تو سخت اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کو یونائٹیڈ گلوبل الائنس برائے ویکسین اینڈ اِمیونائزیشن (GAVI) کے تحت ہندوستان میں تیار کردہ ویکسین سربراہ کی جائیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی عاجلانہ صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ٹوئیٹ میں مودی نے کہا کہ عمران خان جلد از جلد کوویڈ 19 سے صحت یاب ہوجائے ۔ پاکستان میں بھی دیگر ایشیائی ممالک کی طرح کورونا کے کیسیس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے لیے احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے پر زوردیا جارہا ہے ۔۔