ویکسین لینے کے بعد 45 دن کی شیر خوار کی موت

   

ضلع سرسلہ میںافراد خاندان کا ہیلت پرائمری سنٹر پر دھرنا
گمبھی راوپیٹ،سرسلہ 6 فروری۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹیکہ لگانے کے چند منٹ بعد ہی ایک 45 دن کی شیر خوار کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ راجننہ سرسلہ ضلع کے تنگالہ پلی منڈل میں پیش آیا،تنگالہ پلی نیرالہ سے تعلق رکھنے والے رمیش اور للیتا اپنی نومولود کو ٹیکہ دلانے کے لئے تنگلہ پلی پرائمری ہیلت سنٹر لے گئے جہاں پر اس کو ٹیکہ لگایا گیا۔ یہ جوڑا جب گھر پہنچا تو انہوں نے دیکھا کہ نوزائیدہ بے ہوش ہوگئی۔ اس کے والدین فوری طورپراس کو ایک خانگی دواخانہ لے گئے تاہم ڈاکٹرس نے اس کو مردہ قرار دیا۔ اس واقعہ کے خلاف نوزائیدہ کے والدین کے ساتھ ساتھ دیگر رشتہ داروں نے پرائمری ہیلت سنٹر کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈاکٹرس کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا، سرکل انسپکٹر موگلی اور ایس آئی رام موہن نے احتجاجیوں کو منانے کی کوشیش کی لیکن احتجاجیوں نے اس موقع پر ضلع کلکٹر کو آنے کا مطالبہ کیا ۔ بھی کیا، بعدازاں ضلع میڈیکل آفسر ڈاکٹررجیتا نے موقع پر پہنچکر وضاحت کی کہ چہارشبہ کے روز تین بچوں کو ویکسین دی گئی تھی جن میں دو بچے ٹھیک ہیں انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ بچی کی موت کی تحقیقات کی جاے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہوگی لیکن والدین اپنے مطالبہ پر قائم رہے۔