ویکسین نہ لگوانے والوں کو شوال میں عمرہ کی اجازت ملنا مشکل

   

ریاض : سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے بغیر ویکسین والوں کو شوال میں عمرے کی اجازت دینے نہ دینے سے متعلق بڑے سوال کا جواب دیا ہے۔وزارت حج و عمرہ کے رابطہ مرکز سے پوچھا گیا تھا کہ ’کیا رمضان کی طرح شوال میں بھی عمرے کی اجازت صرف ویکسین لگوانے والوں تک محدود ہوگی یا ان لوگوں کو بھی عمرہ کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے‘۔وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ ’آئندہ عمرے کے اجازت نامے صرف ان لوگوں ہی کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے یا تو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں یا ایک خوراک پر 14 دن گزر چکے ہوں۔ ان کے سوا کسی کو بھی عمرہ اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے‘۔یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے رمضان سے عمرہ اجازت نامے کے لیے ویکسین کی شرط لازمی کردی ہے۔ یہ فیصلہ نماز اور عبادت کے لیے جانے والے زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔