ویکسین نہ لگوانے والوں کے فوری ٹسٹ مفت نہیں ہوں گے

   

برلن۔ جرمن حکومت ان شہریوں کے مفت اینٹیجن ٹیسٹوں کے لیے ادئیگیاں نہیں کرے گی، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔ اس وقت جرمنی میں کل آبادی کے بہت بڑے حصے کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ جرمن اخبار بِلڈ نے برلن حکومت کے دو وزراء کے نام ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ وہ کورونا علامات کی تشخیص کے اینٹیجن ٹیسٹوں سے متعلق پالیسی میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس اخبار کی رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت اب مستقبل میں کم وقت میں کورونا کا مثبت یا منفی ٹسٹ کروانے کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کرے گی کیونکہ ملک کی مجموعی آبادی کا ایک بڑا حصہ کووڈ انیس نامی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین لگوا چکا ہے۔ اس وقت جرمنی میں حکومتی دفاتر اور دوسری جگہوں، جن میں دکانیں اور ریستوراں وغیرہ شامل ہیں، میں داخل ہونے کے لیے فوری نتیجہ ظاہر کرنے والے انسٹنٹ ٹسٹ کروانے کی پالیسی پر عمل جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے کئی افراد نے اپنے کاروباری مراکز اور دکانوں پر کورونا ٹسٹ کرنے والی مشینیں نصب کر رکھی ہیں۔ ایسی جگہوں پر ہر کسی کو مفت ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔ اب اس میں ایک نئی تبدیلی لائی گئی ہے اور ایسے فوری ٹسٹ ادویات کی دکانوں سے بھی کرائے جا سکیں گے۔