ویکسین کی ترقی پذیر ملکوں کو مفت فراہمی ، بائیڈن کا اعلان

   

نیویارک: امریکی صدر جوبائیڈن نے بدھ کو کوویڈ 19 کی ویکسین کی 50 کروڑ سے زیادہ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا، جنھیں آئندہ سال تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔اس سے قبل امریکہ نے آئندہ سال جون تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کے لیے فائزر اور بایو این ٹیک ویکسین کے 50 کروڑ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔آج کے اعلان کے بعد خریدی جانے والے ویکسینز کی خوراکوں کی کل تعداد ایک ارب ہو جائے گی، جسے دنیا کے کم آمدنی والے ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ حکومتی اعلان سے قبل بدھ کو اپنی ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ہم نے اب تک امریکی عوام کے بازو میں جتنی ویکسین لگائی ہیں، اس سے تین گنا زیادہ ہم دنیا کو فراہم کریں گے۔امریکہ کووڈ 19 کی وبا کو شکست دینے کے ارادے میں پرعزم ہے۔ ہم آج عالمی سطح پر مفت تقسیم کے لیے ویکسین ڈوزز کی تعداد بڑھا کر ایک ارب دس کروڑ سے زیادہ خوراکیں کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیکنیکل سربراہ ماریہ وین کرخوو کے مطابق ڈیلٹا ویریئنٹ انتہائی تیزی سے پھیلتا ہے جس نے دنیا بھر میں پھیلنے والی دیگر مختلف اقسام کی جگہ لے لی ہے۔بائیڈن نے عالمی ادارہ صحت کے ہدف کا حوالہ دیا جس میں اگلے سال تک دنیا کی کم از کم 70 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے پر زور دیا گیا ہے، ساتھ ہی ادارے نے دیگر دولت مند ملکوں پر زور دیا ہے کہ اس ضمن میں وہ بھی آگے بڑھیں، انفیکشن پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں ویکسین لگانے کے ضروری اقدام میں مدد فراہم کریں۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹندروس دھانم گیبریسز نے جون میں کہا تھا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 11 ارب خوراکیں درکار ہوں گی۔