گورنر سوندرا راجن نے وباؤں سے نمٹنے پر ریسرچ کا مشورہ دیا، راج بھون میں قومی صحافیوں کی ٹیم سے ملاقات
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ ملک کے سائینسدانوں نے کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن قومی دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی ایک ٹیم سے خطاب کررہے تھے۔ محکمہ صحت کے اُمور کا کوریج کرنے والے قومی صحافیوں کی ٹیم ان دنوں حیدرآباد کے دورہ پر ہے۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود حکومت ہند کی جانب سے اس دورہ کا اہتمام کیا گیا۔ راج بھون میں قومی صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر گورنر نے کہا کہ ہندوستانی سائینسدانوں نے ویکسین کی تیاری کے ذریعہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے کئی حصوں میں انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ عالمی سطح پر ٹیکہ اندازی مہم میں ہندوستانی سائینسدانوں کا اہم رول ہے۔ گورنر نے کہا کہ یہ وقت آرام کا نہیں ہے بلکہ ٹیکہ اندازی مہم کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کا ہر شہری کورونا سے بچاؤ کی ویکسین حاصل کرلے۔ ٹیکہ اندازی مہم کے ذریعہ ہندوستان میں لاکھوں افراد کی زندگی بچائی جاسکی ہے۔ قومی میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی سے انہیں خصوصی دلچسپی ہے۔ مستقبل کے چیالنجس کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر سوندرا راجن نے کہا کہ ڈاکٹرس اور سائینسدانوں کی جانب سے وباؤں سے نمٹنے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ قبائیلی عوام کے معیار زندگی میں اضافہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ قبائیلی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لے چکی ہیں۔ قبائیلی خواتین اور خاص طور پر حاملہ خواتین کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ 25 رکنی وفد نے بھارت بائیوٹیک اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کا بھی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پی آئی بی ایس جی رویندرا، ڈپٹی ڈائرکٹر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر انکور لاہوٹیا اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ر