کلکتہ: نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے جمعرات کو متنبہ کیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر کورونا وائرس کی ویکسین آسانی سے دستیاب نہیں ہوتی ہے تو بہت بڑی تعداد میں لوگوں کی جان جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک کمپنی کو ویکسین پیٹنٹ نہیں ہونی چاہئے ، کیوں کہ دوسری دوا ساز کمپنیوں کو لائسنس نہیں ملنے کی وجہ سے دوا کے پروکٹ میں دقت آسکتی ہے ۔سینٹ زویرس کالج کلکتہ اور یونس سینٹر بنگلہ دیش کے زیر اہتمام ایک ویبنار میں شرکت کرتے ہوئے یونس نے کہاکہ بہت سے امیر ممالک اس پر گرفت حاصل کرنے کے لئے ویکسین کی تیاری میں شامل دوا ساز کمپنیوں کو بہت سارے پیسے دے رہی ہیں۔ اس قسم کی کمپنیاں بہت زیادہ منافع کمانے میں خوش ہیں اور انہیں غریب ممالک کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ 2006 میں نوبل انعام پانے والے یونس نے کہاکہ غریب ممالک میں ویکسین کی عدم فراہمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔