ویکسین کی فراہمی میں مرکزی حکومت ناکام

   

100 کروڑ روپئے کی ادائیگی کے باوجود عدم فراہمی۔ ہریش راؤ کا الزام

حیدرآباد : ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے کورونا و یکسین کی فراہمی میں پوری طرح ناکام ہوجانے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ ویکسین خریدی کے اختیارات ریاستوں کو دینے کا مطالبہ کیا۔ سدی پیٹ میں آج رلسیک ٹیکرس کیلئے ٹیکہ اندازی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تلنگانہ اور ملک میں ویکسین کی قلت پیدا ہوئی۔ انہوں نے مرکز کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ویکسین کی تیاری کا عملی مرکز ہے مگر تلنگانہ کے عوام ویکسین حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ ہندوستان کی دو کمپنیاں ویکسین تیار کررہی ہے جس سے 85 فیصد اسٹاک مرکزی حکومت حاصل کررہی ہے جس سے تلنگانہ میں وقت پر مناسب انداز میں ٹیکہ اندازی کی مہم چلانے میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ تلنگانہ کی حکومت نے ویکسین کی خریدی کیلئے 100 کروڑ روپئے ادا کرچکی ہے پھر بھی وقت پر تلنگانہ کو ویکسین حاصل نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے ویکسین حاصل کرنے میں مرکزی حکومت ناکام ہے۔ عوام کو جلد از جلد ویکسین کی فراہمی کیلئے مرکزی حکومت کمپنیوں سے راست طور پر ٹیکے خریدنے کے مکمل اختیارات دیں۔ ہریش ارؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کورونا پر کنٹرول کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ عوام سے زیادہ رابطہ میں رہنے والے رلیسک ٹیکرس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ویکسین دینے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے جو ساری ریاست میں کامیابی سے چلایا جارہا ہے۔ گھر گھر فیور سروے شروع کیا گیا ہے جس کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کیلئے بھی تلنگانہ حکومت پوری طرح تیار ہے۔ سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔