ویکسین کی فراہمی کے لیے حکومت اور سیرم انسٹی ٹیوٹ کے مابین معاہدے پر عنقریب دستخط متوقع

   


نئی دہلی: مرکزی حکومت کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے خلاف ملک بھر میں ٹیکہ کاری مہم کے لئے آئندہ چند دنوں میں پونے میں واقع ویکسین تیار کرنے والی سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے ساتھ کورونا ویکسین ’کوویشیلڈ‘کی فراہمی کے واسطے معاہدے پر دستخط کرسکتی ہے ۔ کورونا ویکسین’کوویشیلڈ’ کو آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے اور سیرم انسٹی ٹیوٹ نے ہندوستان میں اس کے فیز II اور فیز III کے انسانی تجربے کیے ہیں۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آسٹر زینیکا کے ساتھ ٹکنالوجی کی منتقلی کے سمجھوتے کے ساتھ ہندوستان میں بھی کوویشیلڈ کی خوراک تیار کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ٹیکہ کاری مہم کے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ طبی عملہ اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی پہلی صف میں کھڑے دو کروڑ افراد کو مفت ٹیکہ فراہم کرایا جائے گا۔ کنٹرولر جنرل آف ڈرگس (ڈی سی جی آئی) نے اتوار کے روز کویشیلڈ اور بھارت بائیوٹیک و انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے اشتراک سے تیار کی گئی دیسی ویکسین ‘کوویکسین’ کے ہنگامی استعمال کو مشروط منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی حکومت نے فی الحال ٹیکہ کاری مہم کے لئے کسی بھی کمپنی کے ساتھ ویکسین کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں۔