دو کروڑ 77 لاکھ 67 ہزار افراد کا احاطہ، ریاستی محکمہ صحت کا دعویٰ
حیدرآباد۔28 ڈسمبر(سیاست نیوز) محکمہ صحت ریاست تلنگانہ نے 100 فی صد شہریوں کو کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک میں پہلی ریاست ہے جو کہ 100 فیصد شہریوں کو پہلا ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرچکی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق ریاست بھر میں 2کروڑ 77 لاکھ 67 ہزار افراد کو کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے اور آج ایک دن میں جملہ 87ہزار49افراد کو کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت تلنگانہ کے مطابق کورونا وائرس کے دوسرے ٹیکہ کے حصول کے لئے 27لاکھ افراد منتظر ہیں جنہیں پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے اور دوسرے ٹیکہ دیا جانا باقی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس دعوے میں کس حد تک صداقت ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ محکمہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 2کروڑ 77لاکھ 67ہزار افراد کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے کے اہل تھے یعنی 18 سال سے زائد عمر والے ہیں جنہیں ٹیکہ دینے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ گذشتہ یوم محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ ریاست بھر میں 2کروڑ 76 لاکھ 79ہزار 961 افراد کو پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے اور منگل کے دن 87 ہزار افراد کو ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے دعوے کے مطابق اب ریاست تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جو کہ اپنے تمام اہل شہریوں کو پہلا ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرچکی ہے ۔م