کمانڈ کنٹرول میں اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس، نومبر سے کام شروع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مثالی بلڈنگ کے طرز پر وی ۔ ہب کو تعمیر کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ حیدرآباد کے انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں آج چیف منسٹر نے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے اے آئی ہب ٹی اسکوائر کی ترقی کی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی ڈی سریدھر بابو، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، سنجے کمار، چیف منسٹر کے او ایس ڈی وی سرینواسلو، ٹی جی آئی آئی سی کے ایم ڈی ششانک، ٹی فائبر کے ایم ڈی وینو پرساد، محکمہ آئی ٹی کے ڈپٹی سکریٹری بھویش مشرا و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے وی ہب کی تعمیرات کے معاملہ میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعمیرات میں کوئی بھی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ نومبر کے اواخر تک وی ہب کی تعمیری کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ وی ہب کی تعمیر کیلئے جائیکا فنڈ حاصل کرنے ہر ممکن کوشش کریں۔ وی ہب کی تعمیرات میں تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ وسیع تر پارکنگ انتظامات کئے جائیں تاکہ پارکنگ میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ وی ہب میں ایپل جیسی انٹرنیشنل برانڈس کے آؤٹ لیٹس قائم کرنے عہدیدار ہر ممکن کوشش کریں۔ یوٹیلیٹی زون قائم کرکے وی ہب کو 24 گھنٹوں تک کام کرنے والے ادارہ میں تبدیل کریں۔ اے آئی عارضی ہب کے قیام کیلئے انجینئرنگ اسٹاف کالج کی عمارتوں کا معائنہ کیا جائے۔ اے آئی ہب کیلئے کارپس فنڈ کا انتظام کیا جائے۔ مشہور کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے سرمایہ کاری کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی انڈسٹری پالیسی سے سرمایہ کار بڑے پیمانے پر متاثر ہو رہے ہیں۔ شہر و مختلف اضلاع میں اپنا سرمایہ لگانے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ کمپنیوں کے قیام کیلئے منظوری میں تیزی پیدا کی جائے اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے۔ 2